لاہور: وائس چیئر مین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی نے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کیلئے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا۔
شاہ محمود قریشی نے بیرسٹر تیمور ملک کے توسط سے لاہور ہائی کورٹ ملتان بینچ میں درخواست دائر کی جس میں موقف اپنایا گیا کہ ضلعی انتظامیہ اورپولیس کی جانب سے ہراساں کیا جارہا ہے۔
سابق وزیر خارجہ نے اپنی درخواست میں مزید کہا کہ حلقہ این اے 148 ملتان اور این اے 150 کیلئے الیکشن پراسیس میں تحفظ فراہم کیاجائے،کاغذات نامزدگی وصول اور جمع کرانے کیلئے کسی قسم کی رکاوٹیں پیدا نہ کی جائیں۔
شاہ محمود قریشی کی جانب سے دائر کردہ درخواست میں زین قریشی اور مہربانو قریشی کو تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔
پی ٹی آئی رہنما نے ہائیکورٹ ملتان بینچ میں دائر کی جانے والی درخواست میں الیکشن کمیشن، حکومت پنجاب، آئی جی، آر اوز، سی پی او اور ڈی سی ملتان سمیت دیگر کو فریق بنایا۔
پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئر مینشاہ محمود قریشی کی جانب سے دائر کردہ درخواست پر لاہور ہائی کورٹ ملتان بینچ میں سماعت آج ہوگی۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے کاغزات نامزدگی جمع کرانے کی تاریخ میں دو روز کی توسیع کر دی ہے۔ پاکستان مسلم لیگ ن،ایم کیو ایم اور جمیعت علمائے اسلام ف کی جانب سے الیکشن کمیشن میں تاریخ میں توسیع کی درخواست دائر کی گئی تھی جس کو کمیشن نے منظور کر لیا۔
تبصرے بند ہیں.