کراچی: وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) میں سندھ پولیس سے ڈیپوٹیشن پر آیا پولیس افسر ادارے کی 5 قیمتی فائلیں اور لاکھوں روپے کی رقم لےکر فرار ہو گیا۔
سب انسپکٹر ابو عمیر کے خلاف ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل میں رقم سمیت کیس پراپرٹیز جمع نہ کرانے پر مقدمہ درج کرلیا گیا۔
سب انسپکٹر ابو عمیر کیخلاف درج مقدمےکے مطابق کیس پراپرٹیز میں 11 لاکھ روپے سے زائد کی رقم کے ساتھ ساتھ 5 قیمتی کیسز کی فائلیں ا ور آئی فون 14 سمیت 2 مزید فون شامل ہیں جبکہ دیگر اشیاء میں ایک گاڑی بمعہ رجسٹریشن پیپر اور مختلف قومی شناختی کارڈز بھی شامل ہیں۔
ایف آئی آر کے مطابق کیس پراپرٹیز مختلف مقدمات میں نامزد ملزمان سے تحویل میں لی گئی تھیں۔
سب انسپکٹر سید ابو عمیر سندھ پولیس سے ایف آئی اے کمرشل بینک سرکل میں تعینات تھا۔ ابو عمیر منی چینجر سے ہزاروں ڈالرز ہتھیانے کے الزام میں درخشاں تھانے کے دو مقدمات میں ضمانت پر ہے، دونوں واقعات میں ابو عمیر اور دیگر کے خلاف ایک انکوائری ایف آئی اے میں بھی جاری ہے۔
ابو عمیر ان مقدمات میں نامزدگی کے باعث ایف آئی اے میں اپنی ڈیوٹی سے غیر حاضر بھی رہا۔ بعد ازاں، ابو عمیر کو غیر حاضری کے باعث 14 جولائی 2023 کو سندھ پولیس واپس جانے کے احکامات جاری کیے گئے تھے۔
تبصرے بند ہیں.