نانگا پربت سر کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون نے "ایٹ تھاوزنڈرز” سر کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون ہونے کا عزم کر لیا
اسلام آباد: نانگا پربت سر کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون کوہ پیما نائلہ کیانی نے ایک اور ریکارڈ قائم کرنے کا راداہ کرتے ہوئے پاکستان میں موجود تمام پانچ "ایٹ تھاوزنڈرز” سر کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون ہونے کا عزم کر لیا۔
نائلہ کیانی اپنے اس ہدف کو مکمل کرنے کے لیے رواں ہفتے 8051 میٹر بلند دنیا کی بارہویں بلند چوٹی براڈ پیک کو سر کرنے بیس کیمپ کی جانب روانہ ہوں گی اور موسمی حالات کو دیکھتے ہوئے کوشش کریں گی کہ اس ماہ کے آخر تک اس چوٹی کو سر کر لیں۔
نائلہ کیانی اگر اپنی مہم میں کامیاب ہو جاتی ہیں تو وہ ملک کی پہلی خاتون کو پیما ہوں گی جس نے پاکستان میں موجود 8 ہزار میٹر سے بلند تمام پانچ چوٹیاں سر کرلی ہوں۔
واضح رہے نائلہ کیانی نے نیپال میں واقع دنیا کی بلند ترین چوٹی ایوریسٹ ، اناپورنا اور لوٹسے کو بھی سر کیا ہوا ہے اور اس سے قبل کے ٹو، نانگا پربت، گیشر برم ون اور گیشربرم ٹو بھی سر کر چکی ہیں۔ وہ 8 ہزار میٹر سے بلند 7 چوٹیاں سر کرنے والی بھی واحد پاکستانی خاتون ہیں۔
تبصرے بند ہیں.