فوجی عدالتوں میں سویلینز کا ٹرائل، موجودہ بینچ کے فیصلے پر اعتراض ہوگا، چیف جسٹس فل کورٹ تشکیل دیں: جسٹس یحییٰ آفریدی کا نوٹ
اسلام آباد: فوجی عدالتوں میں سویلین کے ٹرائل کے خلاف کیس میں جسٹس منصور علی شاہ کے بعد جسٹس یحییٰ آفریدی نے بھی فل کورٹ بینچ تشکیل دینے کا مطالبہ کر دیا۔
23جون کی عدالتی کارروائی کا تحریری حکمنامہ جاری کر دیا گیا جس میں جسٹس یحییٰ آفریدی کا اضافی نوٹ بھی شامل ہے۔
جسٹس یحییٰ آفریدی نے نوٹ میں لکھا کہ چیف جسٹس پاکستان فل کورٹ بینچ تشکیل دیں، نظام عدل کی ساکھ کی عمارت عوامی اعتماد پر کھڑی ہے، موجودہ حکومت کی مدت ختم ہونے کو ہے اور اس وقت ملک میں انتخابات کے لیے سیاسی ماحول کا منظرنامہ چارج ہے۔
تحریری حکمنامے کے نوٹ میں لکھا ہے کہ ایسے سیاسی چارج ماحول میں موجودہ عدالتی بینچ کے خلاف اعتراض کیا جا سکتا ہے اور فوجی عدالتوں کے خلاف کیس سننے والے بینچ میں موجود ججز کے تحریری اعتراضات انتہائی سنجیدہ ہیں جنھیں نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔
ایک سینیئر جج کے اعتراض پر اس وقت مناسب نہیں ہے کہ رائے دوں، ایک سینیئر جج کے اعتراض عدالت میں ہم آہنگی اور عوامی اعتماد کی بحالی کے لیے مناسب اقدامات کا تقاضا کرتے ہیں، لہٰذا پہلا قدم یہ ہونا چاہیے کہ فل کورٹ بینچ تشکیل دیا جائے۔
تبصرے بند ہیں.