آبدوز سانحہ: پاکستان کا ہلاکتوں پر اظہارِ افسوس

45

 

 

اسلام آباد: پاکستان نے ٹائٹن آبدوز میں موجود افراد کی ہلاکت پر اظہارِ افسوس کیا۔ متاثرہ داؤد خاندان اور دیگر مسافروں کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار بھی کیا۔

 

پاکستانی دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ آبدوز کے بارے میں افسوسناک خبر پر داؤد خاندان اور دیگر مسافروں کے خاندان کے ساتھ افسوس کا اظہار کرتے ہیں۔

 

ترجمان دفتر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ آبدوز کی تلاش میں گزشتہ کئی دنوں سے جاری کثیر القومی کوششوں کو سراہتے ہیں۔

 

بدقسمت آبدوز میں سوار برطانوی پاکستانی تاجر شہزادہ داؤد اور ان کے بیٹے سلیمان داؤد کو سائنس اور دریافت کا شوق ٹائی ٹینک کے ملبے تک لے گیا۔

 

اہل خانہ اور دوستوں کا کہنا ہے کہ سفر اور سائنس سلیمان داؤد کے ڈی این اے کا حصہ تھے، اپنے والد کی طرح سلیمان داؤد بھی سائنس میں گہری دلچسپی رکھتے تھے۔واضح رہے کہ بحرِ اوقیانوس میں سیاحوں کو لے کر جانے والی آبدوز کمپنی اوشین گیٹ نے آبدوز میں موجود مسافروں کی ہلاکت کا اعلان کیا ہے۔

 

اس آبدوز میں اوشین گیٹ کمپنی کے سی ای او، ایک برطانوی ارب پتی مہم جو، ایک فرانسیسی ڈائیور کے علاوہ پاکستانی کاروباری شخصیت شہزادہ داؤد اور ان کے بیٹے سلیمان بھی سوار تھے۔

تبصرے بند ہیں.