لاہور: سابق وزیر اعلیٰ پرویز الہیٰ نے کہا ہے کہ اللہ کو حاضر ناظر جان کر کہہ رہا ہوں کہ میں بے گناہ ہوں۔ مجھے اپنی عدلیہ پر بھروسہ ہے اور میں شروع سے اپنی افواج پاکستان کا حامی رہا ہوں۔
پاکستان تحریک انصاف کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ پرویز الہیٰ نے جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیشی کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ کے فضل و کرم سے میں بلکل بے گناہ ہوں اورمیں یہ بات اللہ کو حاضر ناظر جان کر کر رہا ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ نتیجہ اللہ کے ہاتھ میں ہے۔
پرویز الہیٰ نے مزید کہا کہ مجھے اپنی عدلیہ پر بھروسہ ہے اور میں شروع سے اپنی افواج پاکستان کا حامی رہا ہوں۔ لیکن یہ ان کیلئے لمحہ فکریہ ہے، ان کو چاہئیے کے اپنے اردگرد بیٹھے لوگوں کے بارے سوچیں کہ وہ ملک کو کدھر لے جارہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس سارے فساد کی جڑ محسن نقوی ہیں، مجھ پر یہ ظلم محسن نقوی کرا رہے ہیں۔پی ٹی آئی میں ہوں اور اس میں ہی رہوں گا، یہ برا کر رہے ہیں اور بُرا ہی بھگتیں گے۔
پی ٹی آئی کے صدر پرویز الہیٰ نے پاکستان تحریک انصاف کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ آپ سچ پر ہیں، حق پر ہیں، آپ کھڑے رہیں اور تگڑے ہو جائیں۔
سابق وزیراعلیٰ کو جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔ اینٹی کرپشن حکام نے چودھری پرویزالہٰی کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کر دی۔
تبصرے بند ہیں.