لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 8 کے کوالیفائر میچ میں ملتان سلطانز نے کیرون پولارڈ کی نصف سنچری کی بدولت لاہور قلندرز کو جیت کیلئے 161 رنز کا ہدف دیدیا ہے۔
قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے جا رہے میچ میں ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 160 رنز بنائے۔
کیرون پولارڈ 34 گیندوں پر 6 چھکوں اور 1 چوکے کی مدد سے 57 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ عثمان خان 29، محمد رضوان 33، رائلی روسو 13، ٹم ڈیوڈ 22 اور انور علی ایک سکور بنا سکے۔
لاہور قلندرز کی جانب سے حارث رؤف سب سے کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے 4 اوورز میں 34 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ زمان خان اور راشد خان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
واضح رہے کہ میچ کیلئے لاہور قلندرز کی قیادت شاہین شاہ آفریدی کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں فخر زمان، مرزا طاہر بیگ، عبداللہ شفیق، سیم بلنگز، حسین طلعت، سکندر رضا، ڈیوڈ ویزے، راشد خان، حارث رؤف اور زمان خان شامل ہیں۔
ملتان سلطانز کی قیادت محمد رضوان کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں عثمان خان، رائلی روسو، کیرون پولارڈ، ٹم ڈیوڈ، خوشدل شاہ، انور علی، اسامہ میر، عباس آفریدی، شیلڈن کوٹریل اور احسان اللہ شامل ہیں۔
تبصرے بند ہیں.