راولپنڈی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 8 کے 27 ویں میچ میں پشاور زلمی نے اوپنرز بابراعظم اور صائم ایوب کی عمدہ بلے بازی کی بدولت ملتان سلطانز کو جیت کیلئے 243 رنز کا ہدف دیا ہے۔
پنڈی کلب گراؤنڈ راولپنڈی میں کھیلے جا رہے میچ میں پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 242 رنز کا پہاڑ کھڑا کر دیا۔
بابراعظم نے جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے 39 گیندوں پر 2 چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد سے 73 رنز بنائے جبکہ نوجوان صائم ایوب نے 33 گیندوں پر 4 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 58 رنز کی اننگز کھیلی۔
محمد حارث نے بھی رنز کی بہتی گنگا میں خوب ہاتھ دھوئے اور صرف 11 گیندوں پر 4 چھکوں اور 1 چوکے کی مدد سے 35 رنز بنائے جبکہ حسیب اللہ خان 7، عظمت اللہ عمرزئی 16 اور وہاب ریاض 7 رنز بنا سکے۔
ملتان سلطانز کی جانب سے عباس آفریدی سب سے کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے 4 اوورز میں 39 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ انور علی اور اسامہ میر نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
واضح رہے کہ میچ کیلئے پشاور زلمی کی قیادت بابراعظم کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں صائم ایوب، روومین پاول، ٹام کوہلر کیڈمور، محمد حارث، حسیب اللہ خان، عثمان قادر، وہاب ریاض، عظمت اللہ عمرزئی، مجیب الرحمن اور ارشد اقبال شامل ہیں۔
ملتان سلطانز کی قیادت محمد رضوان کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں شان مسعود، ریلی روسو، ٹم ڈیوڈ، خوشدل شاہ، کیرون پولارڈ، انور علی، اسامہ میر، عباس آفریدی، شیلڈن کوٹریل اور احسان اللہ شامل ہیں۔
تبصرے بند ہیں.