پنجاب میں پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کا زور توڑنے کے لیے سابق صدر آصف زرداری کا مبینہ منصوبہ سامنے آگیا۔
ذرائع کے مطابق سابق صدر آصف زرداری نے پنجاب میں حکومت سازی کے لیے پی ٹی آئی کے باغی ارکان پر مشتمل نئی پارٹی کے قیام کی کوششیں شروع کردی ہیں ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کے سابق رہنماؤں کی قیادت میں نئی پارٹی بنانے کے منصوبے پر کام جاری ہے، سنٹرل اور جنوبی پنجاب کے اہم خاندان پارٹی کا حصہ ہوں گے،نئی جماعت کی تشکیل کے لئے رابطوں اور ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے ،پی ٹی آئی اور ن لیگ سے تعلق رکھنے والے موجودہ اور سابق ارکان اسمبلی بھی عام انتخابات سے پہلے پارٹی میں شمولیت اختیار کریں گے ۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے باغی ارکان جہانگیر ترین ،عبدالعلیم خاں اور چوہدری سرور گروپ کے لوگوں کو نئی پارٹی میں کلیدی عہدوں سے نوازا جائے گا،
نئی جماعت کی قیادت پی ٹی آئی پنجاب کی سابق اہم شخصیت کرے گی،نئی جماعت عام انتخابات میں اپنے علیحدہ انتخابی نشان کے ساتھ میدان میں اترے گی اور پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے تحت انتخابات میں حصہ لے گی۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ نئی جماعت کی جانب سے پنجاب میں پی ٹی آئی کے مظبوط حلقوں میں امیدوار کھڑے کیئے جائیں گے، نئی جماعت کو پنجاب اسمبلی کی 40 سے 45 جبکہ قومی اسمبلی کی کم از کم 15 سے 20 نشستیں حاصل کرنے کا ٹارگٹ دیا جائے گا، جیت کی صورت میں پنجاب میں اگلا وزیراعلی پنجاب اسی جماعت سے ہونے کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے ۔
تبصرے بند ہیں.