ملتان: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماءشاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ گورنر کے اقدام سے ثابت ہورہا ہے کہ یہاں قانون کی حکمرانی نہیں اور گورنر نے کل جس کارروائی کا فیصلہ کیا وہ آئین و قانون کی روح سے درست نہیں، انہوں نے ایک منتخب وزیراعلیٰ کو ڈی نوٹیفائی کیا۔
تفصیلات کے مطابق شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گورنر پنجاب نے کل جس کارروائی کا فیصلہ کیاوہ آئین و قانون کی روح سے درست نہیں، انہوں نے ایک منتخب وزیراعلیٰ کو ڈی نوٹیفائی کیا، گورنر پنجاب نے اپنے عہدے کو سیاست کی نذر کیا اور اب ملک میں سیاسی عدم استحکام ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جب سیاسی عدم استحکام ہو تو معاشی استحکام ممکن نہیں، گورنر نے کس قانون کے تحت وزیراعلیٰ کو ڈی نوٹیفائی کیا، جنہوں نے سندھ ہاؤس اسلام آباد میں منڈی لگائی تھی وہ قوتیں اب پنجاب پہنچ چکی ہیں اور ضمیرفروشی کا اب نیا اڈہ قائم کردیا گیا ہے، لوگوں کو کہا جارہا ہے رقم لیں اور اعتماد کی ووٹنگ کے روز غیر حاضر ہو جائیں، ہم آج بھی اپنی اکثریت ثابت کرنے کی پوزیشن میں ہیں۔
شاہ محمود قریشی نے کہا ملک میں مہنگائی اور بیروزگاری بڑھ رہی ہے اور صنعتیں بند ہو رہی ہیں، ملک کا تاجر طبقہ پریشان ہے اور انٹرنیشنل مانیٹرنگ فنڈ (آئی ایم ایف) کے معاملات کھٹائی میں پڑ چکے ہیں،حکومت کی ترجیحات میں معیشت نہیں بلکہ صرف اقتدار میں رہنا ہے۔
تبصرے بند ہیں.