نااہلی کافی نہیں، عمران خان کو گرفتار کر کے لوٹا پیسہ واپس لینا چاہئے: مریم نواز

38

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز شریف نے توشہ خانہ ریفرنس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی نااہلی کے فیصلے پر ردعمل دیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق مریم نواز شریف نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں لکھا ’پاکستان کا پہلا سرٹیفائڈ جھوٹا اور سند یافتہ چور جو چوری کے ناقابل تردید ثبوتوں کے ساتھ نااہل ہوا۔ میاں بیوی نے مل کر قومی خزانے کو لوٹا۔ جتنی بڑی چوری ہے اس کی سزا صرف نااہلی پر ختم نہیں ہونی چاہئے۔ اس کو گرفتار کر کے قانون کے سامنے پیش کرنا چاہئے اور لوٹا پیسہ واپس لینا چاہئے۔‘ 

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے توشہ خانہ ریفرنس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کو نااہل قرار دیدیا ہے۔ 
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے توشہ خانہ ریفرنس کا محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ یہ پانچ رکنی کمیشن کا متفقہ فیصلہ ہے جس کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی کو نااہل قرار دیا گیا ہے اور اب وہ قومی اسمبلی کے رکن نہیں رہے ہیں۔ 
الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے عمران خان کی قومی اسمبلی کی سیٹ خالی قرار دیدی ہے اور اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ عمران خان نے غلط معلومات فراہم کیں۔ 
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے توشہ خانہ ریفرنس میں الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کے فیصلے کو ہائیکورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ 
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے جنرل سیکرٹری اسد عمر نے فیصلے پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ ہم فیصلے کے خلاف آج ہی ہائیکورٹ جارہے ہیں جہاں الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف پٹیشن دائر کریں گے۔ 

تبصرے بند ہیں.