حکومت کے ہینڈلرز کسی غلط فہمی میں نہ رہیں، ابھی تیاری نہیں ، جیسے ہی تیاری ہوگی اسلام آباد کیلئے کال دوں گا: عمران خان
مظفر آباد: سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ وہ تیاری مکمل کرنے کے بعد اپنی قوم کو جلد اسلام آباد کی کال دینے والے ہیں۔ موجودہ حکومت کے ہینڈلرز کسی غلط فہمی میں نہ رہیں۔
مظفرآباد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میں جلد اپنی قوم کو کال دوں گا۔ اور میں کال دینے والا ہوں، اپنی تیاری مکمل کر رہا ہوں۔ جب میری تیاری مکمل ہوئی تو آپ نے میرے ساتھ آنا ہے۔
انھوں نے کہا کہ ’اسحاق ڈار جب بھی وزیر خارجہ بنا ملک کا دیوالیہ نکال کر چلا گیا۔ ہم جب حکومت میں آئے تو تاریخ کا سب سے بڑا خسارہ تھا۔یہ چور آ کر ہمارے اوپر بیٹھے ہیں، ان کے ہینڈلر سمجھتے ہیں کہ ہم انھیں قبول کر لیں گے۔۔۔ کسی غلط فہمی میں نہ رہیں۔
وزیر اعظم سے متعلق عمران خان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں کہ آپ نے وزیر اعظم آفس سے میری پرنسپل سیکریٹری اعظم خان سے بات چیت آڈیو لیک کر دی۔۔۔ اب ساری دنیا کو پتا چلے گا کہ سائفر، مراسلہ حقیقت ہے۔شہباز شریف مجھے نقصان پہنچانا چاہتے تھے لیکن انھوں نے اپنا ہی بیڑا غرق کر لیا۔
انھوں نے کہا کہ میں شہباز شریف کو چیری بلاسم اس لیے کہتا ہوں کہ شہباز شریف جب بھی کوئی بوٹ دیکھتا ہے تو پالش شروع کر دیتا ہے، خاص طور پر ایک بوٹ جو سب سے بڑا بوٹ ہوتا ہے۔ آپ جانتے ہیں وہ کون سا بوٹ ہوتا ہے۔ اس کی ایسی پالش کرتا ہے اس میں شکل نظر آنا شروع ہوجاتی ہے۔
عمران خان نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر ن لیگ کے ساتھ مل کر میچ فکس کرتا ہے۔ ہم ان کے خلاف ہر قانونی کارروائی کریں گے۔ سکندر سلطان راجہ نواز شریف کا نوکر ہے۔
تبصرے بند ہیں.