عمران خان کی وزیراعلیٰ پنجاب کو سیلاب متاثرین کی ہر ممکن مدد کرنے کی ہدایت

16

لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کو سیلاب متاثرین کی ہر ممکن مدد کرنے کی ہدایت کی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق عمران خان ایوان وزیراعلیٰ پہنچے جہاں وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی نے ان کا استقبال کیا اور دونوں کے درمیان ملاقات ہوئی جس دوران سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی بھی موجود تھے۔ 
ذرائع کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کو مونس الٰہی کو مبارکباد دی جبکہ ملاقات کے دوران عوام کو ریلیف دینے کے اقدامات پر بات چیت کی گئی۔ 
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات کے دوران سیاسی صورتحال اور پنجاب کے انتظامی معاملات پر بات چیت ہوئی جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے اقدامات سے آگاہ کیا۔ 
عمران خان نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب متاثرین کی ہر ممکن مدد کی جائے جس پر چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے انتظامیہ متحرک ہے۔ 

واضح رہے کہ خراب موسم کے باعث 2 بار دورہ لاہور موخر ہونے کے بعد آج عمران خان لاہور پہنچے اور ایوان وزیراعلیٰ ہاؤس گئے جہاں وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے ان کا استقبال کیا۔ 
ذرائع کے مطابق عمران خان دورہ لاہور کے دوران ناصرف ارکان اسمبلی سے ملاقات کریں گے بلکہ پنجاب کابینہ کی تشکیل کیلئے مشاورت بھی کریں گے جبکہ پنجاب کے تمام ڈویژن کے پی ٹی آئی اور (ق) لیگ کے ارکان کی عمران خان سے ملاقاتیں بھی شیڈول ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان سے وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی اور ان کے صاحبزادے مونس الٰہی کی بھی ملاقات ہو گی جبکہ نومنتخب سپیکر و ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی بھی ان سے ملاقات کریں گے۔

تبصرے بند ہیں.