منی لانڈرنگ کیس، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ حمزہ شہباز پر 14 مئی کو فرد جرم عائد ہو گی

173

اسلام آباد: وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے وزیراعظم شہباز شریف اور دیگر کےخلاف منی لانڈرنگ کیس کی پیروی نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاہم عدالت کا کہنا ہے کہ سپیشل پراسیکیوٹر کی درخواست کے باوجود ٹرائل جاری رہے گا اور شہباز شریف و حمزہ شہباز پر 14 مئی کو فرد جرم عائد ہو گی۔ 
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور دیگر کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کی سماعت سپیشل جج سینٹرل اعجاز حسن اعوان نے کی جس دوران جسٹس اعجاز حسن اعوان نے ایف آئی اے پراسیکیوشن ٹیم کی درخواست کو ریکارڈ کا حصہ بناتے ہوئے تحریری حکم جاری کیا۔ 
تحریری حکم نامے میں عدالت نے کہا کہ 11 اپریل کو سماعت کے بعد ایف آئی اے نے ٹرائل میں عدم دلچسپی کی درخواست دی ہے۔ سپیشل پراسیکیوٹر ایف آئی اے سکندر ذوالقرنین نے بتایا کہ ڈی جی ایف آئی اے نے شہباز شریف اورحمزہ شہباز کے وزیراعظم اور وزیراعلیٰ بننے کے باعث پراسیکیوشن ٹیم کو پیشی سے روکا۔ 
ایف آئی اے کے سپیشل پراسیکیوٹر نے بتایا کہ ڈی جی ایف آئی اے نے بذریعہ تفتیشی افسر ایسا کرنے کا کہا ہے جبکہ ایف آئی اے کے متعلقہ حکام نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز شریف سمیت دیگر کے خلاف ٹرائل میں عدم دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ 
عدالت نے ایف آئی اے کے سپیشل پراسیکیوٹر کی درخواست کے باوجود ٹرائل جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے اور اپنے تحریری فیصلے میں کہا ہے کہ 14 مئی کو وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ حمزہ شہباز پرفردجرم عائد کی جائے گی۔ 
عدالت نے وزیراعظم شہباز شریف، حمزہ شہباز اوردیگرملزمان کو آئندہ سماعت میں ہرصورت عدالت کے روبرو پیش ہونے کا حکم بھی دیا ہے۔ 

تبصرے بند ہیں.