راولپنڈی: لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ نے سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست منظور کر لی ہے اور انتظامیہ کو 18 مئی تک گرفتاری سے روک دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید اور ان کے بھتیجے شیخ راشد شفیق نے مقدمات خارج کرنے کیلئے لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ میں درخواست دائر کی جسے منظور کر لیا گیا۔ ہائیکورٹ نے ڈی پی او اٹک، ایس ایچ او اور ہوم ڈیپارٹمنٹ کو نوٹس جاری کر دئیے ہیں اور ایس ایچ او تھانہ اٹک سے مقدمہ کا ریکارڈ بھی طلب کر لیا ہے۔
شیخ رشید اپنے وکلاءکے ہمراہ لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی پہنچے جہاں سردار عبدالرازق ایڈوکیٹ نے ان کی جانب سے درخواست دائر کی تھی جس میں ان کیخلاف جاری مہم اور درج مقدمات ختم کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ غیر قانونی اور غیر آئینی ایک جیسی ایف آئی آرز انتقامی کارروائی پر مبنی ہیں، واقعہ مسجد نبوی میں ہوا لیکن مقدمات یہاں درج کئے گئے۔ یہ مقدمات وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ اور وزیراعظم شہباز شریف کی ایماءپر مقدمات درج کئے گئے ہیں۔
تبصرے بند ہیں.