اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماءحمزہ شہباز شریف کے وزارت اعلیٰ کا حلف نہ لینے کے معاملے پر عملدرآمد درخواست سماعت کیلئے مقرر کر دی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس امیر بھٹی حمزہ شہباز شریف کی جانب سے دائر کی گئی نئی درخواست پر کل سماعت کریں گے جس میں وفاقی حکومت سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے اور عدالتی احکامات پر عملدرآمد کی استدعا کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے صدر مملکت کو حلف کیلئے نمائندہ مقرر کرنے کی ہدایت کی تھی تاہم عدالتی احکامات پر عملدرآمد نہیں کیا جا رہا۔ نئی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ صدر پاکستان معزز عدالت کے حکم پر عمل نہ کر کے قانون کی بے توقیری کر رہے ہیں، عدالت چیئرمین سینیٹ کو حکم دے کہ وہ نو منتخب وزیراعلیٰ سے حلف لیں۔
یاد رہے کہ حمزہ شہباز کی جانب سے دائر کی گئی نئی درخواست میں وفاقی اور پنجاب حکومت کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست میں وزیراعظم کو بذریعہ پرنسپل سیکرٹری جبکہ صدر اور چیئرمین سینیٹ کو بذریعہ سیکرٹری فریق بنایا گیا ہے۔
تبصرے بند ہیں.