لاہور: نومنتخب وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی حلف برداری کی تقریب آج گورنر ہاؤس میں متوقع ہے۔
گورنر ہاؤس ذرائع کےمطابق چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی حلف لینے لاہورآئیں گے جس کے لیے گورنر ہاؤس میں تقریب حلف برداری کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔
دوسری جانب گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کی طبعیت ناساز ہوگئی اور انہیں طبی معائنہ کیلئے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کے ضروری ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ نے گورنرپنجاب کی جانب سے حمزہ شہباز کا بطور وزیراعلیٰ پنجاب حلف نہ لینے پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو وزیراعلیٰ پنجاب سے حلف لینے کیلئے کسی اور کو نمائندہ مقرر کرنے کی ہدایت کی تھی۔
یاد رہے کہ نو منتخب وزیراعلیٰ حمزہ شہباز شریف نے حلف نہ لیے جانے پر لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر رکھی تھی جس پر گزشتہ روز سماعت ہوئی اس دوران ایڈووکیٹ جنرل پنجاب احمد اویس عدالت میں پیش ہوئے اور دلائل دیتے ہوئے کہا کہ گورنر پنجاب کے حلف نہ لینے پر سپیکر حلف لے سکتا ہے اور درخواست میں سپیکر کو فریق نہیں بنایا گیا۔
دوسری جانب ایڈووکیٹ جنرل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ گورنر پنجاب سمجھتے ہیں کہ وزیراعلیٰ پنجاب کا انتخاب آئین کے تحت نہیں اور اسمبلی میں غیر معمولی صورتحال ہوئی جو اس سے پہلے کبھی دیکھنے میں نہیں آئی، ایک خاتون رکن زخمی ہوئیں جو اس وقت اپنی زندگی کی جنگ لڑ رہی ہیں۔
فریقین کو سننے کے بعد چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ امیر بھٹی نے کیس کا مختصر فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ گورنر پنجاب حلف لینے سے انکار نہیں کر سکتے۔ ابھی مختصر فیصلہ لکھوا رہا ہوں جس کی کاپی صدر مملکت کو بھجوائی جائے اور صدر مملکت حلف لینے کیلئے کسی اور کو نمائندہ مقرر کریں جبکہ کیس کا تفصیلی فیصلہ بعد میں جاری کیا جائے گا۔
تبصرے بند ہیں.