پاکستان اور بھارت کے درمیان آبی امور سے متعلق اہم اجلاس ،بھارتی منصوبے بے نقاب

31

اسلام آباد:پاکستان بھارت مستقل انڈس کمیشن (پی آئی سی) کا170 واں اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا،اجلاس میں پاکستان اور بھارت کے درمیان آبی امور سے متعلق اہم امور پر بات چیت ہوئی ۔

 ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دس رکنی بھارتی وفد کی قیادت انڈس واٹرز کے بھارتی کمشنر پی کے سکسینا  جبکہ پاکستانی وفد کی نمائندگی پاکستان کے کمشنر برائے انڈس واٹرز سید محمد مہر علی شاہ نے کی۔اجلاس میں پاکستان اور بھارت کے درمیان آبی امور سے متعلق تمام پہلوئوں پر بات چیت ہوئی۔

پاکستان نے دریائے چناب کے اوپر کے حصے(اَپ سٹریم) پر واقع کیرو ہائیڈروالیکڑک پراجیکٹ (ایچ ای پی) اور مغربی دریائوں پر بھارت کی جانب سے دریائی بہائو پر چھوٹے نئے پن بجلی کے پیداواری منصوبے لگانے پر اپنے اعتراضات کا دوہرایا۔

 ’پکل دَل‘ اورکلنائی زیریں سمیت بھارتی منصوبوں پر پاکستان کے اعتراضات کا جواب بھی مانگا گیا، بھارت پر زور دیاگیا کہ معاہدے کی شقوں اور1989 سے 2018 تک جاری رہنے والی مشق کے مطابق سیلاب کی پیشگی اطلاع فراہم کرے۔

 دونوں اطراف نے سندھ طاس معاہدے پر اس کی روح کے مطابق عمل کرنے کے عزم کا اعادہ کیا اور امید ظاہر کی کہ کمشن کا آئندہ اجلاس بھارت میں جلد کسی تاریخ پر منعقد ہوگا۔

تبصرے بند ہیں.