پلے آف مرحلے سے قبل لاہور اور اسلام آباد کی ٹیمیں اہم کھلاڑیوں سے محروم

105

لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 7 کے پلے آف مرحلے سے قبل لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیمیں اپنے دو بہترین کھلاڑیوں سے محروم ہو گئی ہیں جبکہ کراچی کنگز کے غیر ملکی کھلاڑیوں کی واپسی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق لاہور قلندرز کی نمائندگی کرنے والے افغان لیگ سپنر راشد خان اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کرنے والے افغان بلے باز رحمن اللہ گرباز بنگلہ دیش کیخلاف ون ڈے سیریز میں شرکت کیلئے افغانستان واپس چلے گئے ہیں۔ 
راشد خان نے پی ایس ایل میں عمدہ کارکردگی دکھائی اور بلے بازوں کیلئے مشکلات پیدا کرتے رہے۔ انہوں نے 9 میچز میں 225 رنز کے عوض 13 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ان کا اکانومی ریٹ 6.25 رہا۔ 
راشد خان نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور لاہور قلندرز کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میں مزید کھیلنا چاہتا تھا مگر قومی فرائض زیادہ اہم ہیں۔ 

اسلام آباد یونائیٹڈ کے جارحانہ اوپننگ بلے باز رحمن اللہ گرباز نے بھی قومی ٹیم کو جوائن کرنے کیلئے افغانستان کیلئے اڑان بھری اور ٹوئٹر پر جاری پیغام میں لکھا کہ اسلام آباد یونائیٹڈ اب میرے لئے فیملی کی طرح ہے لیکن قومی فرائض نبھانا پڑیں گے۔ 

راشد خان اور رحمان اللہ کے ساتھ کراچی کنگز کی نمائندگی کرنے والے محمد نبی بھی افغانستان واپس چلے روانہ ہو گئے اور دونوں کھلاڑیوں کیساتھ اپنی تصویر شیئر کی۔ 

واضح رہے کہ افغانستان اور بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ون ڈے انٹرنیشنل اور دو ٹی 20 انٹرنیشنل میچوں پر مشتمل سیریز 23 فروری سے چٹاگانگ میں شروع ہو گی۔

تبصرے بند ہیں.