شہباز شریف نے لاہور میں پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس بلا لیا

20

لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر و قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے بڑے بھائی نواز شریف سے مشاورت کے بعد آج لاہور میں پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس بلا لیا ہے ۔

 

تفصیلات کے مطابق ن لیگ کے پارٹی اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا ، شہباز شریف پارٹی رہنماوں کو سابق صدر آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو سے ملاقات کی تفصیلات سے آگاہ کرینگے ۔ اس کے علاوہ پارٹی صدر پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن سے گفتگو کے حوالے سے بھی ممبران کو آگاہ کریں گے ۔

 

واضح رہے کہ شہباز شریف نے پیپلز پارٹی کی قیادت سے ملاقات کے بعد لندن فون کر کے پارٹی قائد نواز شریف سے بات چیت کی تھی ۔

 

اپوزیشن لیڈر نے نواز شریف کو ٹیلی فون پر آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو سے ملاقات کی تفصیلات سے آگاہ کیا ۔ نواز شریف سے مشاورت کے بعد شہباز شریف نے پیر 7 فروری کو پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس بلا لیا تھا ۔

 

نواز شریف سے گفتگو کے بعد شہباز شریف نے اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کو بھی فون کیا ۔ انھوں نے آصف زرداری اور بلاول بھٹو سے ہونے والی بات چیت سے پی ڈی ایم کے سربراہ کو آگاہ کیا ۔

 

شہباز شریف نے مولانا فضل الرحمٰن کو بتایا کہ آنے والے دنوں میں بالمشافہ ملاقات کر کے بھی اعتماد میں لوں گا ۔ دونوں قائدین کی بات چیت کی روشنی میں پی ڈی ایم کا اجلاس بھی بلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ، تاہم پی ڈی ایم کا اجلاس بلانے کیلئے تاریخ کا اعلان مشاورت سے کیا جائے گا ۔

 

خیال رہے کہ مسلم لیگ (ن) کے صدر و قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کی جانب سے لاہور میں ان کی رہائش گاہ پر آصف علی زرداری اور بلاول کے اعزاز میں ظہرانہ دیا گیا ۔ ملاقات میں ملکی سیاسی اور معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

 

 

 

 

 

 

تبصرے بند ہیں.