وزیراعلیٰ پنجاب نے سانحہ مری کی تحقیقات کیلئے بنائی گئی کمیٹی کا اجلاس آج طلب کر لیا

12

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے سانحہ مری کی تحقیقات کیلئے بنائی گئی کمیٹی کا اجلاس آج طلب کر لیا ہے جس میں تحقیقاتی کمیٹی اپنی سفارشات اور حقائق پیش کرے گی۔ 
تفصیلات کے مطابق پنجاب کے وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت سانحہ مری پر بنائی گئی تحقیقاتی کمیٹی کا اجلاس آج شام ہو گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ تحقیقاتی کمیٹی اجلاس کے شرکاءکو تحقیقات کے دوران سامنے آنے والے حقائق کیساتھ اپنی سفارشات بھی پیش کرے گی۔ 
واضح رہے کہ کمیٹی نے حقائق جاننے کیلئے گزشتہ دنوں مری کا دورہ کیا تھااور وہاں مختلف لوگوں کے بیانات قلم بند کئے تھے جبکہ مری میں برف باری کے دوران مرتب کئے گئے پلان پر عملدرآمد کا جائزہ بھی لیا تھا۔ 
یاد رہے کہ سانحہ مری کی تحقیقات کیلئے 19 جنوری کی ڈیڈ لائن دی گئی تھی تاہم تحقیقات مکمل نہ ہونے کے باعث کمیٹی نے مزید 5 روز کا وقت مانگا تھا۔ ذرائع کے مطابق کمیٹی کا کہنا تھا کہ انتظامیہ کی جانب سے تحریری بیانات موصول نہیں ہوئے اور نامکمل رپورٹ کسی صورت جمع نہیں کروا سکتے۔ 
دوسری جانب سانحہ مری کی ابتدائی رپورٹ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کو پیش کر دی گئی تھی جس میں سیاحوں کی اموات کی وجہ کاربن مونو آکسائیڈ گیس کو قرار دیا گیا جبکہ انتظامیہ کی غفلت بھی اس کی وجہ بتائی گئی تھی۔ 
ابتدائی رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ 7 جنوری کو مری میں 16 گھنٹوں کے دوران 4 فٹ برف پڑی جبکہ 3 جنوری سے 7 جنوری تک ایک لاکھ 62 ہزار گاڑیاں مری میں داخل ہوئیں جبکہ مری جانے والی 21 ہزار گاڑیاں واپس بھجوائی گئیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 16 مقامات پر درخت گرنے سے ٹریفک بلاک ہوئی اور شدید برفانی طوفان گاڑیوں میں بیٹھے 22 افراد کاربن مونو آکسائیڈ سے جاں بحق ہوئے۔ 

تبصرے بند ہیں.