پی ایس ایل، نیشنل سٹیڈیم کراچی میں 25 فیصد تماشائیوں کو داخلے کی اجازت مل گئی

18

لاہور: نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی ) نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 7 کے پہلے مرحلے میں 25 فیصد تماشائیوں کی سٹیڈیم داخلے کی منظوری دیدی ہے جبکہ لاہور میں شیڈول دوسرے مرحلے کے دوران تماشائیوں کی تعداد سے متعلق فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔ 
تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل کے ساتویں ایڈیشن کا آغاز 27 جنوری سے نیشنل سٹیڈیم کراچی میں ہو رہا ہے اور پہلے مرحلے کے میچز 7 فروری تک کراچی میں ہی کھیلے جائیں گے جنہیں دیکھنے کیلئے 25 فیصد تماشائیوں کی سٹیڈیم داخلے کی منظوری دیدی گئی ہے۔ 
این سی او سی کے فیصلے کے مطابق کراچی میں شیڈول ہر میچ میں تقریباً 8000 تماشائیوں کونیشنل سٹیڈیم کراچی میں داخلے کی اجازت ہوگی تاہم ان تمام تماشائیوں کی صحت اور حفاظت کے پیش نظر سٹیڈیم میں داخلے کیلئے سخت کوویڈ 19 پروٹوکولز بنائے گئے ہیں جن پر عملدرآمد پی سی بی کی ذمہ داری ہو گی۔ 
این سی او سی کی ہدایات کے مطابق 12 سال سے زائد عمر کے تمام افراد کی مکمل ویکسین ہونا لازمی ہو گا اور ویکسی نیشن کا سرٹیفکیٹ سٹیڈیم کے داخلی دروازوں پر دکھانے کے بعد ہی اندر جانے کی اجازت دی جائے گی جبکہ سٹیڈیم میں موجودگی کے دوران چہرے کو ماسک سے مسلسل ڈھانپے رکھنا بھی لازمی قرار دیا گیا ہے، مذکورہ ہدایات کی خلاف ورزی کرنے والے شخص کو سٹیڈیم سے باہر نکال دیا جائے گا۔
پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر کا کہنا ہے کہ کھیل کے کسی بھی ایونٹ کی حقیقی روح اس کے تماشائی ہوتے ہیں اور اب این سی او سی کی ہدایات کے مطابق پی ایس ایل 7 کے کراچی میں کھیلے جانے والے ہر میچ میں 25 فیصد تماشائیوں کی آمد کے انتظامات کو حتمی شکل دی جائے گی۔ 

تبصرے بند ہیں.