سعودی عرب کا ایک بار پھر کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کرانے کا عندیہ

51

ریاض: سعودی عرب نے ایک بار پھر کورونا وائرس کے پھیلاﺅ کو روکنے کیلئے وضع کردہ ایس او پیز پر عملدرآمد کا عندیہ دیدیا ہے اور حکام کا کہنا ہے کہ شادی ہالز اور تقریبات میں احتیاطی تدابیر کی پھر پابندی کرائی جائے گی۔
عرب میڈیا کے مطابق مملکت کی وزارت بلدیات و دیہی آباد کاری امور کے ترجمان نے سعودی عرب میں شادی ہالز اور تقریبات میں کورونا ایس او پیز کی پابندی کی پھر ہدایت کی ہے تاکہ وباءپھیل نہ سکے۔ 
ترجمان کا کہنا ہے کہ مملکت کے تمام علاقوں میں میونسپلٹی و بلدیاتی کونسلوں کے انسپکٹرز، کمشنریوں اور تحصیلوں کے ذمہ داران بھی کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کی تفتیش کریں گے اور شادی ہالز اور دیگر تقریبات کی انتظامیہ کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے مقرر ضوابط کی پابندی کو یقینی بنائیں گی۔ 
وزارت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اب تک مملکت بھر میں شادی ہالز میں دوہزار 356 تفتیشی کارروائیوں کے دوران مختلف قسم کی 193 خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئیں جو تشویشناک بات ہے اور اس صورتحال میں ایک مرتبہ پھر مملکت میں وباءپھیل سکتی ہے۔ 
ان کا مزید کہنا تھا کہ تفتیشی کارروائیوں کے دوران شادی ہالزمیں ماسک نہ پہنے، سینی ٹائزر کی عدم دستیابی، وائرس میں مبتلا ہونے کے شبہ پر متعلقہ افراد قرنطینہ نہ کرنے اور وائرس سے بچاؤ کیلئے انتباہی علامتیں چسپاں نہ کرنے جیسی خلاف ورزیاں بھی ریکارڈ کی گئیں۔ 

تبصرے بند ہیں.