کراچی: کرکٹ آسٹریلیا (سی اے) کے تین رکنی سیکیورٹی وفد نے ایس ایس یو ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا اور آسٹریلین کرکٹ ٹیم کے متوقع دورہ پاکستان سے متعلق سیکیورٹی انتظامات پر ڈی آئی جی سیکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈویژن مقصود احمد کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس کے دوران بریفنگ لی۔
تفصیلات کے مطابق آسٹریلین وفد میں بنجامن کارل اولیور، گرینڈن جیرارڈ اور سٹورٹ اینڈریو بیلی شامل ہیں جبکہ اجلاس میں آسٹریلین سیکیورٹی وفد، پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور رینجرز حکام، کمانڈنٹ ایس ایس یو سمیت دیگر اعلیٰ افسران شریک ہوئے۔
ڈی آئی جی سیکیورٹی نے وفد کو آسٹریلین کرکٹ ٹیم کے متوقع دورہ پاکستان اور بالخصوص نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلے جانے والے میچز سے متعلق کئے گئے سیکیورٹی انتظامات سے آگاہ کیا جبکہ کمانڈنٹ ایس ایس یو ذیشان شفیق صدیقی نے تفصیلی بریفنگ دی۔
The Australian Cricket Board security delegation visited Karachi and reviewed the security of the stadium and the city۔#PakistanCricket #PakvsAus #PAKvWI pic.twitter.com/AUApuk6ygg
— Mohsin Mehdi (@mohsin_rizvee) December 8, 2021
ڈی آئی جی مقصود احمد نے مزید بتایا کہ ایس ایس یو کمانڈوز کو جدید پیشہ ورانہ تربیت فراہم کی گئی ہے، جدید ہتھیاروں اور مواصلاتی نظام سے لیس ایس ایس یو کی SWAT ٹیم کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ہمہ وقت تیار رہتی ہے۔ آسٹریلین وفد نے نیشنل سٹیڈیم میں ہونے والے متوقع میچز کے تناظر میں ایئرپورٹ، سٹیڈیم، شاہراہوں اور ہوٹل پر کئے گئے سیکیورٹی انتظامات کا بھی جائزہ لیا۔
اس کے علاوہ تین رکنی آسٹریلین وفد نے ایس ایس یو ہیڈ کوارٹرز کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا اور پیشہ وارانہ معیار برقرار رکھنے اور پولیس کمانڈوز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو مزید بڑھانے کیلئے کی گئی کاوشوں کو سراہا۔ وفد نے نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلے جانے والے ممکنہ کرکٹ میچز کے سلسلے میں سیکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
تبصرے بند ہیں.