محمد رضوان نے مجھے قرآن کریم کا تحفہ دیا جو روزانہ پڑھتا ہوں: میتھیو ہیڈن

111

دبئی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کنسلٹنٹ میتھیو ہیڈن نے انکشاف کیا ہے کہ قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے انہیں قرآن پاک کا تحفہ دیا اور وہ اس کا ترجمہ پڑھ رہے ہیں۔ 
غیر ملکی خبر رساں ادارے کو دئیے گئے انٹرویو میں میتھیو ہیڈن کا کہنا تھا کہ محمد رضوان نے قرآن پاک کا انگریزی ترجمہ تحفے میں دیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ ایک دن میرے ہوٹل کے کمرے کا دروازہ کھٹکا اور ایک شخص کمرے میں داخل ہوا جس کے ہاتھ میں قرآن کریم تھا۔ 
انہوں نے بتایا قرآن کریم کا تحفہ لانے والا شخص کوئی اور نہیں بلکہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان تھے اور میرے لئے وہ ایک خوبصورت لمحہ تھا جسے کبھی بھول نہیں پاؤں گا۔ 
میتھیو ہیڈن نے کہا کہ میں مسیحی مذہب سے تعلق رکھتا ہوں لیکن اسلام کیلئے بہت زیادہ تجسس رکھتا ہوں، محمد رضوان نے مجھے قرآن کریم کا انگریزی ترجمہ تحفے میں دیا اور ہم آدھے گھنٹے تک فرش پر بیٹھ کر اس حوالے سے گفتگو کرتے رہے، اب میں روزانہ کی بنیاد پر قرآن کریم کا تھوڑا تھوڑا مطالعہ کر رہا ہوں۔ 
سابق آسٹریلین بلے باز نے اس موقع پر محمد رضوان کی تعریف بھی کی اور کہا کہ پاکستانی ٹیم میں سے وہ میری پسندیدہ شخصیت اور ایک چیمپین آدمی ہیں جبکہ بابراعظم ایک اچھا کھلاڑی اور کھلا ذہن کا مالک شخص ہے۔ 
میتھیو ہیڈن نے قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کی اسلام پر عمل پیرا ہونے کی تعریف بھی کی اور کہا کہ جس طرح اسلام نے کھلاڑیوں کو یکجا کیا ہوا ہے اور روحانیت ٹیم میں اپنا کردار ادا کر رہی ہے، یہ ایک زبردست بات ہے۔ 

تبصرے بند ہیں.