پیرس: فرانس نے ماہی گیروں کو لائسنس نہ دینے کے معاملے پر برطانیہ اور جرسی کو سخت نتائج کی دھمکی دیدی ۔
اس حوالے سے اپنے بیان میں فرانسیسی رکن پارلیمنٹ جین پیئر پونٹ نے خبردار کیا تھا کہ فرانسیسی ماہی گیر بریکسٹ کے بعد ماہی گیری کے لائسنس کی تقسیم پر احتجاج میں فرانس اور برطانیہ کو جوڑنے والی چینل ٹنل کو بند کر سکتے ہیں ۔ جبکہ فرانسیسی مچھیروں نے حال ہی میں احتجاجی مظاہرے میں برآمدات بند کرنے کی دھمکی دی تھی ۔
گزشتہ روز فرانس نے برطانیہ پر بریگزٹ کے بعد ماہی گیری کے حقوق کو غصب کرنے کا الزام لگایا ، فرانسیسی حکام کے مطابق لندن نے اپنے علاقائی پانیوں میں ماہی گیروں کی 47 درخواستوں میں سے صرف 12 چھوٹی فرانسیسی کشتیوں کو لائسنس دیئے ۔
واضح رہے کہ ماہی گیری کے حقوق بریگزٹ کے بعد کے مذاکرات میں برطانیہ اور فرانس کے درمیان ایک اہم میدان جنگ رہے ہیں ۔ اس سال کے شروع میں ، لائسنسوں کے تنازعے نے فرانس اور برطانیہ دونوں کو جرسی کے ساحلوں سے گشت کے جہاز بھیجنے پر مجبور کیا ۔
انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق اس تنازعہ کو لے کر فرانس اور برطانیہ کے مابین سفارتی تعلقات بھی حالیہ دنوں میں کافی خراب ہوئے ہیں ۔
اس سے قبل گزشتہ ماہ امریکا ، برطانیہ اور آسٹریلیا کے اتحاد میں ہونے والے سہ فریقی جوہری آبدوز کے معاہدے نے فرانس کو بڑا جھٹکا دیا تھا ۔ اس معاہدے کی وجہ سے فرانس اور آسٹریلیا کا آبدوز کا معاہدہ ختم ہو گیا تھا جس سے فرانس کو بھاری مالی نقصان ہوا تھا ۔
تبصرے بند ہیں.