پی آئی اے کے بیڑے میں 2 طیاروں کا اضافہ

116

اسلام آباد: پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) بین الاقوامی سفر کیلئے استعمال ہونے والے طیاروں کے بیڑے میں مزید 2 طیاروں کا اضافہ ہو گیا ہے اور ایک نئی ائیربس اسلام آباد پہنچ گئی ہے۔ 
پی آئی اے کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ قومی ائیرلائنز نے ٹینڈر کے ذریعے دو طیارے حاصل کئے جو 2017ء ساخت کے ہیں۔ ان میں سے ایک ایئر بس وفاقی دارالحکومت اسلام آباد پہنچ گئی ہے جبکہ دوسرا طیارہ آئندہ دنوں میں پاکستان پہنچے گا۔ 
قومی ائیرلائن کوویڈ19 اور عالمی ہوا بازی کے حالات کے باعث گزشتہ دو سالوں سے طیارے حاصل نہیں کر سکی تھی تاہم بالآخر 2 طیارے حاصل کر لئے گئے ہیں جن کے باعث پی آئی اے اپنے مسافروں کو مزید بہتر اور آرام دہ سفری سہولیات مہیا کرے گا۔ 
ایئر مارشل ارشد ملک کا کہنا ہے کہ نئے طیاروں کا حصول رب العزت کی مہربانی اور میری ٹیم کی کاوشوں سے عمل میں آیا ہے، یہ اللہ کا خاص کرم اور میری ٹیم کی شب و روز کی محنت کا ثمر ہے۔ اس موقع پر پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) نے خصوصی طور پر بورڈ آف ڈائریکٹرز اور وزیر ہوابازی کا بھی شکریہ ادا کیا۔ 

تبصرے بند ہیں.