اسلام آباد : چئیرمین ایف بی آر ڈاکٹراشفاق نے زرعی انکم ٹیکس وصولی کے حوالے سے صوبائی حکومتوں کو اشتراک کی تجویز دے دی ہے۔
نیو نیوز کے مطابق چیئرمین ایف بی آر نے صوبائی حکومتوں کو خط لکھ دیا جس میں کہا گیاہے کہ زرعی ٹیکس چوری روکنے کیلئے صوبائی حکومتیں تعاون کریں ۔معیشت کو دستاویزی بنانے اور ٹیکس نیٹ میں وسعت لانے کی حکومتی کوششیں جاری ہیں۔
ڈاکٹر اشفاق نے زرعی آمدنی پر قابل ادائیگی ٹیکس کے حوالے سے تکنیکی کمیٹی بنانے کی تجویز بھی دی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ زرعی آمدنی پر ٹیکس کی ادائیگی صوبوں کی طرف سے ہوتی ہے ۔وفاقی انکم ٹیکس میں اس آمدنی پر چھوٹ ہے ۔
خط میں مزید لکھا گیا ہے کہ ٹیکس چوری کرنے والے ایف بی آرکے گوشواروں میں زرعی آمدنی پر چھوٹ کلیم کرتے ہیں پھر نہ ہی صوبائی حکومتوں کو ٹیکس دیتے ہیں اور نہ ہی ایف بی آر کو ٹیکس ملتا ہے۔ انکم ٹیکس آرڈیننس کے تحت زرعی آمدن پر ٹیکس میں چھوٹ ہے اگر صوبائی انکم ٹیکس ادا کیا گیا ہے۔
مراسلے کے مطابق ایسے تمام ٹیکس گزار جنہوں نے زرعی آمدنی کو گوشواروں میں ظاہر کیا ہے۔ ان کو ایف بی آرکے خود کار نظام سے نوٹسز بھیجے جائیں تاکہ و ہ صوبوں کو واجب الادا ٹیکس کی ادائیگی کو یقینی بنائیں۔
تبصرے بند ہیں.