اسلام آباد: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے شمار قربانیاں دی ہیں، خاص طور پر پارہ چنار کی صورتحال کافی سنگین ہے۔
یہ بیان انہوں نے نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) میں ترکیہ کے شہدا کے لیے منعقدہ تقریب میں دیا، جہاں انہوں نے ترکش ایرو اسپیس کے نمائندوں اور دیگر مہمانوں کے سامنے شہدا کی یاد میں پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔
گورنر نے پاکستان اور ترکیہ کے تاریخی تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے ترکیہ میں حالیہ دہشت گردی کے واقعات پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ رہے ہیں اور مل کر دہشت گردی کے خلاف لڑنے کے لیے پرعزم ہیں۔
فیصل کریم کنڈی نے ملک دشمن عناصر کی سازشوں کو ناکام بنانے کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ پاکستان کو کمزور کرنے کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہوگی۔ انہوں نے خیبرپختونخوا میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت اور عوام کے درمیان تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ترکیہ کا اتحاد امن کے قیام کے لیے بہت اہم ہے، اور انہوں نے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک مل کر دہشت گردی کا مؤثر مقابلہ کریں گے اور ایک خوشحال مستقبل کی جانب بڑھیں گے۔
تبصرے بند ہیں.