لاہور: وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ دسمبر تک 70 فیصد آبادی کو ویکسین لگانے کی کوشش کر رہے ہیں اور اس مقصد کیلئے حکومت مفت ویکسی نیشن کی سہولت گھر گھر پہنچانے کیلئے بھی تیار ہے۔
صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے موبائل ویکسی نیشن یونٹس کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بہت جلد لاہور کی 40 فیصد آبادی کی ویکسی نیشن ہو جائے گی جبکہ کوشش ہے کہ رواں سال دسمبر تک 70 فیصد آبادی کو ویکسین لگ جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ ویکسین بہت حد تک بیماری کو روکنے کی صلاحیت رکھتی ہے اور اس سے جان بچائی جا سکتی ہے، اس وقت 88 فیصد مریض ایسے ہیں جن کو ویکسین نہیں لگائی گئی جبکہ 12 فیصد مریضوں کو ویکسین لگائی گئی ہے، حکومت ویکسی نیشن کا ہدف حاصل کرنے کیلئے گھر گھر فری ویکسی نیشن کی سہولت دینے کیلئے بھی تیار ہے۔
دوسری جانب ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے مزید 85 شہریوں کی اموات ہو چکی ہیں اور اموات میں حالیہ اضافے سے موذی مرض کا شکار بننے والوں کی مجموعی تعداد 25 ہزار 305 تک جا پہنچی ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے مطابق گزشتہ روز 61 ہزار 446 افراد کا کورونا ٹیسٹ کیا گیا جن میں سے 4 ہزار 553 مثبت کیس رپورٹ ہوئے اور یوں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 7.4 فیصد رہی۔
تبصرے بند ہیں.