سابق میئر کراچی وسیم اختر کورونا وائرس کا شکار ہو گئے

185

کراچی: سابق میئر کراچی وسیم اختر عالمگیر موذی وباءکورونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں جس پر انسداد دہشت گردی عدالت نے بانی ایم کیو ایم کی اشتعال انگیز تقریر کے کیس کی سماعت 4 ستمبر تک ملتوی کر دی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق کراچی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں بانی ایم کیو ایم کی اشتعال انگیز تقریر کے کیس کی سماعت ہوئی جس دوران سابق میئر کراچی اور ایم کیو ایم رہنما وسیم اختر کے وکیل نے بتایا کہ وسیم اختر کو کورونا ہو گیا ہے، اس لئے وہ پیش نہیں ہو سکتے۔
عدالت میں ایم کیو ایم کے رہنما وسیم اختر کے علاوہ عامر خان اور فاروق ستار بھی پیش نہیں ہوئے تاہم ایم کیو ایم رہنما رﺅف صدیقی، قمر منصور و دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔ ملزمان کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ عامر خان اور فاروق ستار ذاتی مصروفیات کے باعث پیش نہیں ہو سکتے، ان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کی جائے۔
عدالت نے عامر خان اور فاروق ستار کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے کیس کی سماعت 4 ستمبر تک ملتوی کر دی اور آئندہ سماعت پر تمام ملزمان کو حاضری یقینی بنانے کا حکم دیا۔ واضح رہے کہ ملزمان کے خلاف سائٹ سپر ہائی وے، ملیر اور سچل تھانے میں مقدمات درج ہیں۔

تبصرے بند ہیں.