نیویارک میں ریسٹورنٹ اور جم میں کورونا ویکسین کے بغیر داخلے پر پابندی کا اعلان

165

نیویارک: امریکی شہر نیویارک میں ریسٹورنٹ اور جم میں کورونا ویکسین کے بغیر داخلے پر پابندی کا اعلان کردیا گیا ہے جس کا اطلاق 13 ستمبر سے ہوگا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق نیویارک امریکہ کا پہلا بڑا شہر ہو گا جہاں ریسٹورنٹ، جم، سینما یا دیگر انڈور کاروبار کیلئے صارفین اور سٹاف کی ویکسی نیشن لازمی قرار دیدی جائے گی۔
واضح رہے کہ امریکہ میں کورونا کے ڈیلٹا ویرینٹ سے مریضوں کی تعداد میں ریکارڈ اضا فہ ہوا ہے اور صرف ریاست فلوریڈا میں کورونا مریضوں کی تعداد ساڑھے 11 ہزار سے اوپر چلی گئی جبکہ کئی ہسپتالوں میں وارڈز بھر گئے ہیں۔ 
دوسری جانب امریکی ادارے سینٹر فار ڈزیز کنٹرول اینڈ پری وینشن (سی ڈی سی) کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ویکسین لگوانے والے افراد میں کورونا میں مبتلا ہونے یا مرنے کی شرح ایک فیصد سے بھی کم ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کوروناکے95 فیصد سے زائد ہسپتال پہنچنے یا اموات کے کیسز غیر ویکسین شدہ افراد میں رپورٹ ہورہے ہیں جبکہ مکمل ویکسینیٹڈ افراد کے کورونامیں مبتلا ہونے کی شرح 0.004 فیصد اور مرنے کی شرح 0.001ہے۔
امریکی ڈاکٹر فاؤچی کا کہناہے کہ مکمل ویکسینیٹڈ افراد میں کورونا کی شدت میں کمی دیکھی گئی ہے، ویکسین ہمیں ہسپتال پہنچنے، شدید بیمار ہونے یا موت کے منہ میں جانے سے بچا رہی ہے تاہم ویکسینیٹڈ افراد میں بغیر علامات یا معمولی علامات والا کورونا ہوسکتا ہے۔

تبصرے بند ہیں.