انسانی سمگلروں کے خلاف کریک ڈاؤن، متحدہ عرب امارات انٹرپول کے آپریشن میں شامل

196

ابوظہبی: متحدہ عرب امارات دنیا بھر میں بین الاقوامی پولیس ایجنسی (انٹرپول) کے تحت انسانی سمگلروں کے خلاف کریک ڈاؤن کے لیے آپریشن لبرٹیرا میں شامل ہوگیا ہے،اس سے پہلے اس آپریشن میں 47 ممالک شریک تھے۔

یواے ای کی سرکاری خبر رساں ایجنسی وام کے مطابق غیر قانونی تارکین وطن کی بیرون ملک منتقلی اور انسانی سمگلنگ کا دھندا کرنے والے سمگلروں اور گینگ کے خلاف یہ مشترکہ بین الاقوامی کارروائی اس ماہ کے اوائل میں شروع کی گئی تھی۔

اس کے نتیجے میں اب تک دنیا بھر میں 286 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ ان میں سے 12 کو یو اے ای میں گرفتار کیا گیا ہے۔

یو اے ای کی وزارتِ داخلہ کے مطابق اس عالمی کارروائی میں انسانی سمگلنگ کا شکار ہونے والے 430 متاثرین اور 4 ہزار غیر قانونی تارکین وطن کو بچا لیا گیا ہے۔

انٹرپول نے بتایا ہے کہ مختلف ممالک سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حکام نے 5 سے 9 جولائی تک آپریشن لبرٹیرا میں حصہ لیا ہے۔انھوں نے چیک پوائنٹس اور ہوائی اڈوں پر معائنے کی تقریباً 5لاکھ کارروائیاں کی ہیں۔اس کے علاوہ انھوں نے انٹیلی جنس اور تحقیقات کی مدد سے انسانی سمگلنگ کے لیے استعمال ہونے والی جگہوں پر بھی چھاپے مارے ۔

یو اے ای کی ایجنسیوں نے اس آپریشن کے متوازی انسانی سمگلنگ سے متعلق شعوراجاگرکرنے کے لیے آگہی کی ایک مہم بھی شروع کی ہے۔اس میں سیاحتی عملہ ،پبلک ٹرانسپورٹ کے ڈرائیوروں ، صنعتی علاقوں کے ورکروں ،گھریلو ورکروں اور بھرتی دفاتر کو انسانی سمگلنگ کے مختلف طریقوں،شکلوں اور ذرائع کے بارے میں آگاہ کیا جارہا ہے۔

امارات کی وزارت داخلہ کے اعلیٰ عہدیدار لیفٹیننٹ کرنل دانا حمید کا کہنا ہے کہ انسانی سمگلنگ اس وقت دنیا کے ممالک کے لیے سکیورٹی کا ایک بڑا خطرہ بن چکی ہے،منظم جرائم پیشہ گروپوں کی قیادت میں یہ اب اربوں ڈالرمالیت کی صنعت کا روپ دھار چکی ہے۔

تبصرے بند ہیں.