بھارت کا پاکستان پر ڈرونز کا الزام بے بنیاد ہے، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی

138

اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت سمیت تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتے ہیں۔ کشمیر پر ہمارا موقف واضح ہے، کشمیر تنازعہ کا حل کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق ہونا چاہیے۔ بھارت کا پاکستان پر ڈرونز کا الزام بے بنیاد ہے۔

افغان امن عمل، علاقائی سلامتی وفیٹف کے حوالے سے ایک بیان میں وزیر خارجہ نے کہا کہ دنیا کے سامنے پاکستان کی سوچ اور بھارت کی سوچ واضح ہو گئی۔ افغانستان میں ہمارے مصالحانہ کردار سے، دنیا پر واضح ہو گیا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے۔ ہم سب ہمسایوں بشمول ہندوستان، کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتے ہیں۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں اس وقت جو بگڑی ہوئی صورتحال ہے وہ بھارت سرکار کی پیدا کردہ ہے، پاکستان کو اس صورتحال میں الجھنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ وہ کشمیری قیادت جو ماضی میں دلی سرکار کا حصہ رہی، وہ بھی ان اقدامات کی وجہ سے بگڑ گئی۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور تحریک انصاف کی حکومت کی واضح پالیسی ہے کہ ہم اندرونی معاملات میں مداخلت نہیں کریں گے، جہاں تک سفارتی محاذ کا تعلق ہے تو کشمیر پر ہمارا موقف کل بھی واضح تھا اور آج بھی واضح ہے، ہم کہتے آ رہے ہیں کہ مسئلہ کشمیر کو سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔

شاہ محمود قریشی نے افغانستان کے حوالے سے کہا کہ ہم افغانستان میں امن واستحکام چاہتے ہیں، ہم صرف مصالحانہ کردار ادا کر سکتے ہیں۔ پاکستان ہو یا امریکا، چین ہو یا روس ہو یا دیگر علاقائی ممالک ہوں، یہ سب سہولت کاری کر سکتے ہیں، افغانستان کے مستقبل کا فیصلہ افغانوں نے خود کرنا ہے، اپنے تحفظ کے لیے ہمیں جو اقدامات اٹھانا پڑے ہم ضرور اٹھائیں گے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ فیٹف کا تقاضا تھا کہ منی لانڈرنگ کو روکا جائے ، وزیر اعظم عمران خان منی لانڈرنگ کا تدارک اور خاتمہ چاہتے ہیں،ہمارا تو موقف ہی یہی رہا ہے کہ بعض عناصر نے منی لانڈرنگ کے ذریعے ملک کی دولت کو لوٹ کر باہر بھجوایا ۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ فیٹف خوف اعتراف کررہا ہے کہ پاکستان نے26نکات پر مکمل عمل کردیاہے،فیٹف ٹیکنیکل فورم ہے سیاسی فورم نہیں جبکہ بھارت اس ٹیکنیکل فورم کو سیاسی مقاصد کیلئےاستعمال کررہاہے،26نکات پر عمل کرنےکےبعد بھی پاکستان کو گرے لسٹ میں رکھنا مناسب نہیں ہے۔وزیرخارجہ نے کہا کہ پاکستان عرصہ دراز سے کہتا آ رہا ہے کہ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو روکا جائے، ہم نے معصوم بچوں، خواتین پر تشدد اور پیلٹ گنز کے استعمال کی تصاویر دنیا کے سامنے رکھیں ، مجھے خوشی ہے کہ ہماری دہائی، انٹرنیشنل فوکس میں آ گئ ہے اور آج اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کہہ رہے ہیں کہ پلیٹ گنز کے استعمال کو روکا جائے۔

ملکی سلامتی کے حوالے سے وزیر خارجہ نے کہا کہ کچھ اندرونی اوربیرونی قوتیں پاکستان کے امن میں خلل ڈالنا چاہتی ہیں،وہ چاہتے ہیں پاکستان کی توجہ بٹی رہے، پاکستان کا کبھی کوئی جارحانہ اراداہ نہیں تھا اور نہ ہے ۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت کا پاکستان پر ڈرونز کا الزام بے بنیاد ہے ،

وزیر خارجہ نے کہا کہ دیکھنا یہ ہے کہ وہ الزامات کا سہارا کیوں لے رہے ہیں؟ اس وقت بھارت میں معاشی حالات بہت بگڑ چکے ہیں،کشمیری ان کے یک طرفہ اقدامات پر نالاں ہیں مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت میں جب بھی انتخابات قریب ہوتے ہیں تو اس طرح کا کوئی ناٹک رچایا جاتاہے تاکہ نیشنل ازم کو ہوا دی جا سکے

تبصرے بند ہیں.