پاکستان اور روس کے درمیان تجارتی حجم میں 230.15 فیصد کا نمایاں اضافہ

50

اسلام آباد: پاکستان اور روس کے درمیان دو طرفہ تجارت کے حجم میں رواں مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں 230.15 فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ رواں مالی سال میں دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تجارت کا حجم گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 202.96 ملین ڈالر سے بڑھ کر 670.09 ملین ڈالر تک پہنچ گیا ہے۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں روس کو برآمدات سے ملک کو 135.31 ملین ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 21.58 فیصد کا اضافہ ہے۔

اپریل کے مہینہ میں روس کو پاکستانی برآمدات کا حجم 15.55 ملین ڈالر رہا۔ گزشتہ سال اپریل میں روس کو 12.46 ملین ڈالر کی برآمدات ریکارڈ کی گئی تھی۔

مالی سال 2020ء میں روس کو پاکستانی برآمدات کا حجم 130.09 ملین ڈالر رہا تھا۔ سٹیٹ بینک کے مطابق مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں روس سے درآمدات میں 185.77 فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

رواں مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں روس سے درآمدات پر 535.59 ملین ڈالر کا زرمبادلہ صرف ہوا۔ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں روس سے 187.41 ملین ڈالر کی درآمدات ریکارڈ کی گئی تھیں۔

اپریل کے مہینہ میں روس سے درآمدات کا حجم 9.84 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔ گزشتہ سال اپریل میں روس سے درآمدات پر 9.36 ملین ڈالر کا زرمبادلہ صرف ہوا تھا۔ مالی سال 2020ء میں روس سے درآمدات کا حجم 218.20 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔

تبصرے بند ہیں.