پہلی سے آٹھویں جماعت تک کلاسیں 28 اپریل تک نہیں ہوں گی: شفقت محمود

143

اسلام آباد: وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا کہ عالمی وبا سے متاثرہ اضلاع میں کلاس ون سے 8 ویں جماعت تک کلاسیں 28 اپریل تک نہیں ہوں گی ۔

این سی او سی اجلاس کے بعد شفقت محمود نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ جن اضلاع میں عالمی وبا کے کیس زیادہ ہیں وہاں 28 اپریل تک کلاسیں نہیں ہوں گی ۔ انہوں نے کہا کہ وبا سے متاثرہ اضلاع میں یونیورسٹی بند ہوں گی جبکہ آن لائن کلاسیں جاری رہیں گی ۔

وفاقی وزیر تعلیم نے کہا کہ 28 اپریل کو دوبارہ اجلاس میں اسکول کھولنے سے متعلق جائزہ لیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اے اور او لیول کے امتحانات کی تاریخ میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی ، امتحانات مکمل ایس او پیز کے ساتھ ہوں گے ۔

شفقت محمود نے کہا کہ 19 اپریل سے نویں سے بارہویں جماعت کے طلبا اسکول آئیں گے ، نویں سے بارہویں جماعت کے امتحانات مئی کے پہلے ہفتے میں ہوں گے جبکہ یونیورسٹیز سے انٹری ٹیسٹ کی تاریخیں بڑھانے کا کہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے 80 فیصد ممالک میں امتحانات ہو رہے ہیں ۔

واضح رہے کہ پاکستان میں عالمی وبا سے مزید 103 اموات ہو چکی ہیں جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 14 ہزار 924 ہوگئی ہے ۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق 24 گھنٹے میں 3 ہزار 953 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ وبا کے 46 ہزار 665 ٹیسٹ کیے گئے ، گزشتہ روز مثبت کیسز کی شرح 8 عشاریہ 47 فیصد رہی ۔

دوسری جانب مختلف ملکوں میں عالمی وبا کے کیسز کی تعداد 13 کروڑ 24 لاکھ 12 ہزار 964 ہوگئی جبکہ اموات 28 لاکھ 73 ہزار 660 ہوگئیں ۔ ڈبلیو ایچ او کے مطابق عالمی وبا سے متاثر 10 کروڑ 66 لاکھ 96 ہزار 410 افراد صحت یاب ہوچکے ۔

تبصرے بند ہیں.