آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا عزم: فتنہ الخوارج اور ان کے سہولت کاروں کا خاتمہ کریں گے

48

راولپنڈی: چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ فتنہ الخوارج اور ان کی معاونت کرنے والوں کا خاتمہ کیا جائے گا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، جنرل عاصم منیر نے جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا کا دورہ کیا، جہاں انہیں موجودہ سکیورٹی صورتحال اور انسداد دہشت گردی کی جاری کارروائیوں پر بریفنگ دی گئی۔

اس موقع پر پاک فوج کے افسران اور جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کے جوانوں کی ثابت قدمی کو سراہا اور ان کی قربانیوں کی تعریف کی۔ جنرل عاصم منیر نے کہا کہ شہداء پاکستان کا فخر ہیں اور ان کی قربانیاں کبھی فراموش نہیں کی جائیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاک فوج قوم کی حمایت سے ملک میں پائیدار امن و استحکام کی بحالی کو یقینی بنائے گی اور دہشت گردی و انتہا پسندی کا خاتمہ کرے گی۔

آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج کی جرات اور غیر متزلزل عزم ملک کی خودمختاری کی بنیاد ہیں، اور سکیورٹی فورسز کے جوان قوم کے حقیقی ہیرو ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ریاست کے خلاف دہشت گردی اور انتہا پسندی کی سرگرمیوں میں ملوث فتنہ الخوارج اور ان کے سہولت کاروں کا خاتمہ کیا جائے گا، اور دہشت گردوں کو قیمت چکانی پڑے گی۔

وانا پہنچنے پر کور کمانڈر پشاور نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔

تبصرے بند ہیں.