راولپنڈی : پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 9 مئی 2023 کے سانحے میں ملوث 25 افراد کو فوجی عدالتوں نے سزا سنائی ہے۔ ان افراد میں جناح ہاؤس اور جی ایچ کیو پر حملے کرنے والے مجرم شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جناح ہاؤس پر حملے میں ملوث جان محمد خان اور محمد عمران محبوب کو 10 سال قید بامشقت کی سزا دی گئی، جب کہ جی ایچ کیو پر حملے میں ملوث راجہ محمد احسان کو بھی 10 سال قید کی سزا سنادی گئی ہے۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ 9 مئی کو ہونے والے پرتشدد واقعات پاکستان کی تاریخ کے افسوسناک اور سیاہ باب ہیں، جنہوں نے پوری قوم کو صدمے میں مبتلا کر دیا۔ ان واقعات کے بعد تحقیقات کے دوران تمام شواہد کو بڑی باریکی سے جانچا گیا اور ملوث ملزمان کے خلاف ٹھوس شواہد جمع کیے گئے۔
اس کارروائی کے دوران کچھ مقدمات فیلڈ جنرل کورٹ مارشل کو بھی بھیجے گئے، جہاں ان کی مناسب قانونی کارروائی کے بعد سزا سنائی گئی۔ 13 دسمبر 2024 کو سپریم کورٹ نے ان مقدمات کا فیصلہ سنانے کا حکم دیا تھا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سزاؤں کے فیصلے میں تمام قانونی تقاضے پورے کیے گئے ہیں اور سزا پانے والے ملزمان کو ان کے تمام حقوق دیے گئے ہیں۔
تبصرے بند ہیں.