کیلیفورنیا: انسٹاگرام نے اپنے صارفین کے لیے ایک نیا اور مفید فیچر متعارف کرایا ہے جس کے تحت اب صارفین اپنے ڈائریکٹ میسجز (ڈی ایمز) کو شیڈول کرسکتے ہیں۔ کمپنی کی جانب سے تصدیق کی گئی ہے کہ یہ فیچر تمام صارفین کے لیے دستیاب ہے اور اسے استعمال کرنا بہت آسان ہے۔
اب انسٹاگرام پر میسج بھیجتے وقت صارفین سینڈ بٹن کو کچھ دیر تک دبائے رکھیں گے، جس کے بعد "شیڈول” کا آپشن ظاہر ہوگا۔ اس آپشن کے ذریعے صارفین کسی بھی میسج کو مخصوص تاریخ اور وقت پر بھیجنے کے لیے شیڈول کرسکتے ہیں۔ اس فیچر کے مطابق، میسجز کو 29 دن تک کے لیے شیڈول کیا جا سکتا ہے اور جب تک میسج سینڈ نہیں ہوتا، اس کا شیڈول ہونے کا بینر چیٹ ونڈو پر دکھائی دیتا رہے گا۔
یہ فیچر خاص طور پر ان لوگوں کے لیے فائدہ مند ہوگا جو اپنے دوستوں کی سالگرہ کے پیغامات، خاص مواقع یا یاد دہانیوں کو پہلے سے شیڈول کرنا چاہتے ہیں۔
اگرچہ انسٹاگرام نے ڈائریکٹ میسجز کے لیے شیڈولنگ فیچر متعارف کیا ہے، تاہم ابھی تک صارفین کو اپنی پوسٹس یا ریلز کو شیڈول کرنے کی سہولت نہیں دی گئی۔ یہ فیچر فی الحال صرف پروفیشنل اکاؤنٹس کے لیے دستیاب ہے۔
مزید برآں، انسٹاگرام نے اسٹوریز کے لیے ایک نیا کولاج ٹول بھی متعارف کرایا ہے، جس سے صارفین اپنے سال بھر کے یادگار لمحوں کو شیئر کر سکیں گے۔ نئے سال کے حوالے سے ایڈ یورز ٹیمپلیٹس بھی دستیاب ہوں گے تاکہ 2024 کے آغاز اور اختتام کو دوستانہ انداز میں شیئر کیا جا سکے۔
تبصرے بند ہیں.