بٹ کوائن کی قیمت میں ریکارڈ اضافہ، ایک لاکھ ڈالرز کی حد عبور کرلی

140

 

ڈیجیٹل کرنسی بٹ کوائن کی قیمت تاریخ میں پہلی بار ایک لاکھ ڈالرز سے تجاوز کر گئی ہے۔ بٹ کوائن کی موجودہ قیمت تقریباً ایک لاکھ 2 ہزار ڈالرز (2 کروڑ 85 لاکھ پاکستانی روپے) کے قریب ہے، جو کہ 2024 کے آغاز سے اب تک اس میں 140 فیصد کا اضافہ ظاہر کرتی ہے۔ امریکی صدارتی انتخابات کے بعد سے اس کی قیمت میں 48 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔

یہ اضافہ اس وقت دیکھنے کو ملا جب ڈونلڈ ٹرمپ نے دوبارہ امریکی صدر منتخب ہونے کے بعد پال ایٹکنز کو سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن کا سربراہ مقرر کیا، جو کرپٹو کرنسیوں کے خلاف سخت اقدامات کے بجائے ان کی حمایت کرتے ہیں۔ ٹرمپ نے انتخابی مہم کے دوران کرپٹو کرنسیوں کی حمایت کا اعلان کیا تھا اور وعدہ کیا تھا کہ وہ امریکہ کو دنیا کا کرپٹو دارالحکومت بنائیں گے۔

ماہرین کے مطابق، بٹ کوائن کی قیمت میں مزید اضافہ متوقع ہے کیونکہ امریکی پالیسیوں میں تبدیلی کرپٹو کرنسیوں کے حق میں ہو سکتی ہے۔ اس کے علاوہ، یو ایس فیڈرل ریزرو کے سربراہ جیروم پاؤل نے بٹ کوائن کو سونے کے متبادل کے طور پر بیان کیا، جس سے اس کی حیثیت مزید مضبوط ہو رہی ہے۔

تبصرے بند ہیں.