شیخوپورہ : پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 139 میں ضمنی انتخابات کے لیے پولنگ کا عمل جاری ہے ، الیکشن کمیشن کے مطابق ووٹنگ کا آغاز صبح 8 بجے ہو چکا ہے اور یہ شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔ حلقے میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں اور عوام کو اپنے حق رائے دہی کے استعمال میں سہولت دینے کے لیے آج حلقے میں عام تعطیل کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق، حلقے میں کل 359 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں جہاں 1 لاکھ 86 ہزار 247 ووٹرز اپنا ووٹ ڈالنے کے اہل ہیں۔ اس انتخاب میں مسلم لیگ ن، پاکستان سنی اتحاد کونسل، تحریک لبیک پاکستان اور دیگر سیاسی جماعتوں کے امیدوار میدان میں ہیں۔ مسلم لیگ ن کی طرف سے رانا طاہر اقبال، پاکستان سنی اتحاد کونسل کے امیدوار اعجاز حسین بھٹی اور تحریک لبیک کے فاروق الحسن انتخابی میدان میں ہیں۔ اس کے علاوہ 7 آزاد امیدوار بھی اس ضمنی انتخاب میں حصہ لے رہے ہیں۔
واضح رہے کہ یہ نشست مسلم لیگ ن کے رانا افضال حسین کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی، اور اب اس پر قبضہ جمانے کے لیے مختلف سیاسی جماعتوں کے امیدوار سخت مقابلہ کر رہے ہیں۔
تبصرے بند ہیں.