پنجاب حکومت نے سیکیورٹی خطرات کے پیش نظر دفعہ 144 کے نفاذ میں توسیع کر دی

61

لاہور : حکومت پنجاب نے سیکیورٹی خطرات کے پیش نظر صوبہ بھر میں دفعہ 144 کے نفاذ میں 28 نومبر تک توسیع کر دی ہے۔

 

محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں بتایا گیا کہ 26 نومبر سے 28 نومبر تک ہر قسم کے احتجاج، جلسے، جلوس، ریلیوں اور دھرنوں پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ یہ فیصلہ امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے، انسانی جانوں اور املاک کے تحفظ کے لیے کیا گیا ہے۔

 

نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا کہ سیکیورٹی کے خطرات کے پیش نظر کوئی بھی عوامی جلوس دہشت گردوں کے لیے سافٹ ٹارگٹ بن سکتا ہے، جس کے باعث یہ اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔ گزشتہ تین دنوں سے پنجاب میں دفعہ 144 نافذ تھی اور اب اس میں توسیع کر دی گئی ہے۔

 

اس کے ساتھ ساتھ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی 18 نومبر سے دفعہ 144 نافذ کی گئی تھی، جس کے تحت کسی بھی قسم کے مذہبی یا سیاسی اجتماع پر پابندی عائد ہے۔ یہ اقدامات پی ٹی آئی کے مرکزی قافلے کے اسلام آباد کی جانب روانہ ہونے کے بعد کیے گئے ہیں، جس کی قیادت وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور اور بشریٰ بی بی کر رہے ہیں۔ اسلام آباد پہنچنے پر پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے شدید شیلنگ کی۔

تبصرے بند ہیں.