پی ٹی آئی کے 24 نومبر احتجاج کے لیے وفاقی پولیس کی چھٹیاں منسوخ

85

اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے 24 نومبر کو ہونے والے احتجاج کے پیش نظر وفاقی پولیس کے اہلکاروں اور افسران کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں۔

 

چھٹی پر گئے اہلکاروں کو فوری طور پر واپس بلا لیا گیا ہے، اور ایس ایچ اوز کو اضافی نفری فراہم کرنے کے لیے لسٹیں تیار کر لی گئی ہیں۔ وزارت داخلہ کے مطابق، فرنٹیئر کانسٹیبلری (ایف سی) اور دیگر صوبوں سے پولیس فورس 21 نومبر تک اسلام آباد پہنچ جائے گی۔

 

امن و امان کی صورتحال کو بہتر طریقے سے کنٹرول کرنے کے لیے اسلام آباد میں رینجرز اور ایف سی کے اضافی اہلکاروں کی تعیناتی کی تیاریاں بھی کی جا رہی ہیں۔

 

اسلام آباد پولیس نے 9 ہزار اضافی اہلکاروں کی درخواست کی ہے، جن میں 5 ہزار رینجرز اور 4 ہزار ایف سی کے اہلکار شامل ہیں۔ آئی جی اسلام آباد نے رینجرز اور ایف سی کے اضافی اہلکاروں کی تعیناتی کے لیے خط لکھا ہے تاکہ احتجاج کے دوران امن قائم رکھا جا سکے اور کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچا جا سکے۔

تبصرے بند ہیں.