کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بچوں کے خلاف تشدد کی روک تھام کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں اس سال کے تھیم "تیز رفتار ٹیکنالوجی کے فوائد اور نقصانات، بچوں کو جنسی استحصال اور زیادتی سے بچانا” پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے مواقع اور خطرات دونوں سے آگاہ ہونا ضروری ہے تاکہ بچوں کو اپنی حفاظت یقینی بنانے کے قابل بنایا جا سکے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ بچوں کے ساتھ زیادتی اور تشدد کو ختم کرنے کے لیے معاشرے میں شعور، تعلیم، اور آگاہی پھیلانا ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس دن کا مقصد والدین اور بچوں کو یہ سکھانا ہے کہ وہ استحصال اور زیادتی سے بچاؤ کے لیے کیسے اقدامات کریں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ اگرچہ ٹیکنالوجی نے زندگی کو آسان بنایا ہے، لیکن یہ بچوں کی حفاظت کے نئے چیلنجز بھی لائی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ٹیکنالوجی کے درست استعمال کے لیے مناسب قوانین اور اقدامات کیے جائیں تو یہ بچوں کی حفاظت کا ایک مؤثر ذریعہ بن سکتی ہے۔
انہوں نے والدین اور اساتذہ پر زور دیا کہ وہ بچوں کو ٹیکنالوجی کے ذمہ دارانہ استعمال کے حوالے سے آگاہ کریں اور ان کی رہنمائی کریں تاکہ وہ محفوظ رہ سکیں۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت نے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے بچوں کے تحفظ کے لیے متعدد اقدامات کیے ہیں اور وہ ہر ممکن وسائل استعمال کر رہی ہے تاکہ بچوں کو ہر قسم کے تشدد اور استحصال سے محفوظ رکھا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بچوں کو ایسا محفوظ اور باعزت ماحول دینا ضروری ہے جہاں وہ اعتماد کے ساتھ اپنی نشوونما کر سکیں۔
آخر میں، انہوں نے والدین اور تعلیمی اداروں کو بچوں کے روشن مستقبل کے لیے اپنا کردار ادا کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بچوں کی حفاظت اور بہبود ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے کیونکہ وہ ملک کا مستقبل ہیں۔
تبصرے بند ہیں.