کراچی اور سندھ کے 18 اضلاع میں ضمنی بلدیاتی انتخابات کی پولنگ جاری

77

کراچی: سندھ کے 18 اضلاع میں ضمنی بلدیاتی انتخابات کے لیے پولنگ کا آغاز صبح 8 بجے ہو گیا، جو کہ بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔

 

ان انتخابات میں 10 بلدیاتی نشستوں کے لیے 167 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں، جن میں سے 157 کو انتہائی حساس اور 10 کو حساس قرار دیا گیا ہے۔ پولنگ بوتھس کی مجموعی تعداد 618 ہے، اور ان پر 2 لاکھ 95 ہزار 491 ووٹرز میں سے تقریباً ایک لاکھ 58 ہزار مرد اور ایک لاکھ 38 ہزار خواتین اپنے ووٹ کا حق استعمال کریں گے۔

 

کراچی میں 10 بلدیاتی نشستوں اور ایک کنٹونمنٹ بورڈ کی نشست پر انتخابات ہو رہے ہیں۔ ان میں ملیر، ابراہیم حیدری، لانڈھی، ماڈل کالونی، کورنگی، صدر، منگھوپیر، گلبرگ، لیاقت ٹاؤن اور بلدیہ ٹاؤن کی مختلف یونین کونسلز کے لیے سخت مقابلہ ہو رہا ہے۔ ان نشستوں پر مجموعی طور پر 68 امیدوار میدان میں ہیں، جن میں سے ملیر ٹاؤن کی یو سی 9 کے چیئرمین کے لیے 5 امیدوار، اور ابراہیم حیدری ٹاؤن کی یو سی 7 کے وارڈ 4 میں بھی 5 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہو گا۔

 

انتخابی عمل کے دوران سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ حساس پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے ہیں، اور وہاں 16 سے 18 پولیس اہلکار تعینات ہوں گے۔ دیگر حساس اسٹیشنوں پر 8 سے 12 پولیس اہلکار تعینات کیے جائیں گے تاکہ انتخابی عمل میں کسی قسم کی بے ضابطگی نہ ہو۔

 

ضمنی انتخابات کی وجہ سے کراچی کے ضلع جنوبی کی یوسی 13 میں تعطیل ہوگی، جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

تبصرے بند ہیں.