بھارتی کرکٹ بورڈ نے ابھی تک تحریری طور پر اطلاع نہیں دی کہ ان کی ٹیم چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان نہیں آ رہی:چیئرمین پی سی بی محسن نقوی

99

 

لاہور:چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے کہا ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے ابھی تک کوئی تحریری اطلاع نہیں ملی کہ بھارتی ٹیم چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان نہیں آ رہی۔

 

قذافی اسٹیڈیم کے دورے کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ بھارتی میڈیا میں یہ خبریں سامنے آئی ہیں، لیکن پی سی بی کو ابھی تک کوئی سرکاری خط موصول نہیں ہوا۔

انہوں نے کہا کہ پی سی بی ہمیشہ چاہتا ہے کہ کرکٹ سیاست سے آزاد ہو، اور دو ماہ سے بھارتی میڈیا میں چیمپئنز ٹرافی میں بھارت کی شرکت نہ کرنے کی افواہیں چل رہی ہیں۔ محسن نقوی نے یہ بھی کہا کہ اگر بھارتی کرکٹ بورڈ تحریری طور پر یہ اطلاع دیتا ہے تو وہ حکومت سے رابطہ کریں گے۔

چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ پاکستان چیمپئنز ٹرافی کے لیے اپنی تیاریاں جاری رکھے گا، اور حکومت پاکستان جو فیصلہ کرے گی، اس پر عمل کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ خیرسگالی کے جذبات کا اظہار کیا ہے اور ہر بار یہ توقع نہیں کرنی چاہیے کہ ایسا ہو۔

محسن نقوی نے اس بات پر زور دیا کہ کھیل میں سیاست کو نہیں لانا چاہیے اور ہر ملک کی خواہش ہے کہ چیمپئنز ٹرافی پاکستان میں ہو۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ کھیل کے اندر سیاست کو نہ لانے کا اصول تمام ملکوں کو اپنانا چاہیے۔

آخر میں، انہوں نے آسٹریلیا میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی کامیابی پر قوم اور ٹیم کو مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ ٹیم آئندہ میچز میں بھی اچھا پرفارم کرے گی۔

تبصرے بند ہیں.