سموگ انسانی مسئلہ ہے، اس کے حل کے لیے بھارت سے مذاکرات ضروری: مریم نواز

108

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے سموگ کے مسئلے کو ایک انسانی چیلنج قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس کے حل کے لیے بھارت سے بات چیت کی ضرورت ہے۔

لاہور میں دیوالی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے بھارتی پنجاب کے وزیر اعلیٰ کو خط لکھنے پر غور کا بھی اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ سموگ کے مؤثر حل کے لیے دونوں پنجاب کی حکومتوں کے درمیان مشترکہ اقدامات ضروری ہیں۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ ہواؤں کو سرحد کا پتہ نہیں ہوتا، لہذا دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کے بغیر سموگ سے لڑنا ناممکن ہے۔

اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کو اپنی حکومت کی ترجیحات میں شامل کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سکھ، ہندو اور مسیحی سب برابر کے پاکستانی ہیں۔ دیوالی کی تقریب میں ہندو برادری کا خیرمقدم کرتے ہوئے مریم نواز نے 20 دسمبر کو "مینارٹی کارڈ” متعارف کرانے کا اعلان کیا، جس کے تحت مستحق افراد کو مالی امداد فراہم کی جائے گی۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ دیوالی کا دیا دلوں کو جوڑتا ہے، اور ان کے منصوبوں میں کسی قسم کی تفریق نہیں ہوگی۔ مریم نواز نے اقلیتی برادری کے لیے فنڈز میں اضافہ کرنے کا بھی وعدہ کیا۔

تبصرے بند ہیں.