اسلام آباد: قومی اسمبلی میں الیکشن ایکٹ 2017 ترمیمی بل پیش کردیا گیا ۔اسپیکرقومی اسمبلی نے بل متعلقہ قائمہ کمیٹی کو بھجوا دیا۔
قومی اسمبلی اجلاس کا اجلاس اسپیکر ایاز صادق کی زیر صدارت ہوا۔ قومی اسمبلی اجلاس کے دوران حکومتی رکن بلال اظہرکیانی اور زیب جعفر نے مخصوص نشستوں سے متعلق الیکشن ایکٹ 2017 کی دو شقوں میں ترامیم کا بل ایوان میں پیش کیا۔
اسپیکرقومی اسمبلی نے بل متعلقہ قائمہ کمیٹی کو بھجوا دیا۔
پہلی ترمیم میں جیتنے والے آزاد رکن کو تین دن کے اندر کسی بھی سیاسی جماعت میں شمولیت کا پابند بنانے کی تجویز ہے، اس کے بعد کوئی آزاد رکن کسی اور سیاسی جماعت میں شامل نہیں ہوسکے گا اور اس کی کسی سیاسی جماعت میں شمولیت کی رضامندی ناقابل تنسیخ ہوگی، پہلی رضامندی کی تنسیخ کیلئے کسی بھی عدالت کا فیصلہ اثر انداز نہیں ہو سکے گا۔
دوسری ترمیم کے مطابق جس پارٹی نے مخصوص نشستوں کی فہرست الیکشن کمیشن کو جمع نہ کرائی ہو اسے مخصوص نشستیں نہیں دی جاسکتیں، یہ دونوں ترامیم پارلیمنٹ سے منظوری کے بعد فوری طور پر نافذالعمل ہوں گی۔
تبصرے بند ہیں.