اسلام آباد:تحریک انصاف نے 5 اگست کو ملک بھر میں بھرپور احتجاجی مظاہروں کا اعلان کیا ہے۔ پی ٹی آئی رہنماؤں عمرایوب، اسد قیصر نے میڈیا سے گفتگو کی۔ اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نوازشریف، شہبازشریف، مریم نواز تحریک انصاف اور فوج کو آمنے سامنے کھڑا کرنا چاہتے ہیں، یہ ملک کے لئے نقصان دہ ہوگا، حکومت ہوش کے ناخن لے، ملک میں نئے انتخابات ہی مسائل کا واحد حل ہے۔
سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ ہمارے 41 ایم این ایز کو خصوصی ٹارگٹ کیا جارہا ہے، سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد یہ کارروائیاں کی جارہی ہیں، ایم این ایز کے خلاف کارروائیوں پر سپریم کورٹ ازخودنوٹس لے، ہمارے ایم این ایز پر دباؤ ڈالنا سپریم کورٹ کے فیصلے کی توہین ہے، کیا ملک اس طرح چلے گا؟ ایم این ایز پر دباؤ ڈالنے کی مذمت کرتے ہیں۔
اسد قیصر نے کہا کہ پانچ اگست کو دو ایشوز پرپورے ملک میں جلسے، مظاہرے کریں گے، پانچ اگست کو بانی پی ٹی آئی کو غیرقانونی طریقے سے گرفتار کیا گیا، بانی پی ٹی آئی کی رہائی، دوسرا مہنگائی کیخلاف بھرپور مظاہرے ہوں گے، جماعت اسلامی کے احتجاج کو سپورٹ کرتے ہیں۔
تبصرے بند ہیں.