پروجیکٹ عمران کو وائنڈ اپ کیا جا رہا ہے، پی ٹی آئی کو سوشل میڈیا سسٹم جنرل عاصم سلیم باجوہ نے بنا کر دیا: رانا ثنا

8

 

اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ موجودہ اسٹیبلشمنٹ کا کوئی ذاتی ایجنڈا نہیں ہے۔ عمران خان کو سوشل میڈیا سسٹم جنرل عاصم سلیم باجوہ اور جنرل آصف غفور نے بنا کر دیا۔

 

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ن لیگی رہنما رانا ثنا اللہ نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ نے ایک شخص کو پالا اور اچھی حکومت کو چلتا کیا معلوم نہیں ایسے شخص سے انہیں کیا امید تھی اب اس پروجیکٹ کو وائنڈ اپ کرنے کا معاملہ چل رہا ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ ہم تو یہ چاہتے ہیں کہ اس پروجیکٹ کو وائنڈ اپ کریں اور اس کے بعد سیاسی جماعتوں اور سیاست دانوں کو سیاست کرنے دیں۔

 

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کہہ دے کہ ہم سے رابطہ کریں ہم ان سے رابطہ کرنے کے لیے تیار ہیں، جب یہ ہمیں جیلوں میں ڈال رہے تھے اس وقت بھی بات چیت کے لیے تیار تھے۔

 

ایک سوال کے جواب میں رانا ثنا اللہ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے جو اتحاد بنایا ہے ان سے جس دن کہیں گے ہم بات چیت کے لیے بیٹھ جائیں گے لیکن بانی پی ٹی آئی دوڑ جائیں گے۔

 

ن لیگی رہنما نے کہا کہ سیاست دان پہلے بھی اور آج بھی معاملے کو کسی سمت لگنے نہیں دے رہے، ہم آج بھی توجہ نہیں دیتے تو پھر کوئی حادثہ ہی ہے اور کوئی راستہ نہیں رہے گا۔

تبصرے بند ہیں.